امریکا کی حمایت سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک پائلٹ منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت جنوبی لبنان کے بعض علاقوں کا کنٹرول لبنانی مسلح افواج کے حوالے کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت تعینات کیے جانے والے لبنانی فوجیوں کو امریکا تربیت فراہم کرے گا، جبکہ انہیں جانچ کے عمل سے بھی گزارا جائے گا۔
اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ تعینات کیے جانے والے لبنانی فوجیوں کا حزب اللّٰہ سے کوئی تعلق نہ ہو۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے باوجود اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے بفر زون میں موجود رہے گی۔
دوسری جانب لبنانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور کل واشنگٹن میں شروع ہوا۔
خبر ایجنسی کے مطابق مذاکرات کا پانچواں دور امریکی محکمۂ خارجہ میں شروع ہوا، جس میں دونوں ممالک کے فوجی اور سیاسی وفود شریک ہیں، 3 روزہ مذاکرات کے دوران سیکیورٹی اور سیاسی امور پر بات چیت جاری ہے۔