• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، ہیٹی اور شام کے تارکین وطن کا عارضی تحفظ ختم کرنے کی اجازت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ہیٹی اور شام کے تارکین وطن کا عارضی تحفظ ختم کرنے کی اجازت دے دی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے 6-3 کے تناسب سے فیصلہ سناتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو ہیٹی اور شام کے ہزاروں تارکینِ وطن کے عارضی تحفظ کو ختم کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد ساڑھے 3 لاکھ سے زائد افراد کی ملک بدری کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے ہیٹی کے تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار اور شام کے 6 ہزار باشندے متاثر ہوں گے جو جنگ یا قدرتی آفات کی وجہ سے کئی سالوں سے قانونی طور پر امریکا میں مقیم تھے۔

جسٹس سیموئل ایلیٹو نے عدالت کے اکثریتی فیصلے میں لکھا کہ وفاقی عدالتوں کے پاس ان فیصلوں کا جائزہ لینے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے کہ آیا ان ممالک کے حالات واپس جانے کے لیے محفوظ ہیں یا نہیں۔

عدالتی فیصلے میں درخواست گزاروں کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ نسلی تعصب یا امتیازی سلوک پر مبنی تھا۔

دوسری جانب امریکی سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر عالمی فلاحی تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے تارکینِ وطن کے لیے ایک دردناک دن قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید