کھلونے بنانے والی دنیا کی مشہور کمپنی ’لیگو‘ نے ایک بار پھر دنیا کو حیران کرتے ہوئے سویڈش برانڈ ’کوئنزگ‘ کی مشہور اسپورٹس کار کا بالکل اصلی اور ہو بہو ماڈل تیار کر لیا۔
بچوں کے کھیلنے والے پلاسٹک کے بلاکس سے بنی اس انوکھی کار نے سڑک پر دوڑ کر دنیا کی تیز ترین لیگو کار کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔
برطانیہ کے مشہور 'گڈ ووڈ' سرکٹ پر کوئنزگ کے آفیشل ٹیسٹ ڈرائیور مارکس لنزنے جب اس پلاسٹک کی کار کو دوڑایا تو یہ 111 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار تک جا پہنچی۔
اس سے قبل کسی بھی لیگو کار کی تیز ترین رفتار کا ریکارڈ محض 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھا، جسے اس نئی کار نے دگنے سے بھی زیادہ مارجن سے توڑ دیا ہے۔
لیگو ڈیزائنرز کی ایک ماہر ٹیم نے ساڑھے سات مہینوں کی طویل جدوجہد اور تقریباً 9 ہزار 400 گھنٹے لگا کر اس گاڑی کو تیار کیا ہے۔ یہ چلتی ہوئی بالکل ایک اصلی مہنگی اسپورٹس کار دکھائی دیتی ہے۔
گاڑی کا کل وزن ایک ہزار 800 کلوگرام ہے، جس میں سے 400 کلوگرام صرف پلاسٹک کے لیگو بلاکس کا ہے۔ اصل گاڑی کے برعکس، اس لیگو کار کے اندر ایک چھوٹا لیکن طاقتور الیکٹرک انجن فٹ کیا گیا ہے۔