پاکستان اور اٹلی کے درمیان 20 ملین یورو کے رعایتی قرض کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
وفاقی وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق منصوبے کے تحت پاکستان کے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے نظام کو زرعی شعبے میں مضبوط بنایا جائے گا۔
اعلامیہ کےمطابق تربیتی پروگراموں سے کسانوں اور توسیعی عملے کی استعداد کار بڑھائی جائے گی، امور باغبانی کی پیداوار، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کیلئے خصوصی تربیتی مراکز قائم ہوں گے۔
وفاقی وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق زیتون، پستہ، کھجور، مشروم، چیری، انگور، آڑو اور بادام جیسی فصلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جدید اطالوی زرعی مہارت اور پاکستان کی وسیع زرعی استعداد سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کےمطابق 5 زرعی و غذائی پراسیسنگ یونٹس اور 2 قومی مراکزِ امتیاز قائم ہوں گے، سرگودھا میں کینو و مالٹے اور تربت میں کھجور کی پیداوار کیلئے قومی مراکز بنیں گے۔