شہید ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللّٰہ خامنہ ای کا جسدِ خاکی دارالحکومت تہران کی گرینڈ مصلیٰ مسجد پہنچا دیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے ایک تصویر جاری کی ہے جس میں مبینہ طور پر شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا تابوت جنازے کی تقریبات سے قبل تہران کے مصلیٰ پریئر ہال پہنچتا ہوا دکھایا گیا ہے۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق توقع ہے کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای، جنہوں نے 36 سال سے زائد عرصے تک ملک کی قیادت کی، ان کی نمازِ جنازہ میں 2 کروڑ (20 ملین) افراد شرکت کریں گے، یہ بھی توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ایران کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ ہو گا۔
شہید ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی تدفین کے ساتھ ہی رسومات کا اختتام ان کے آبائی شہر مشہد میں واقع امام رضا کے مزار پر ہو گا۔
واضح رہے کہ رواں سال 28 فروری کو جنگ کے آغاز پر ایران پر ہونے والے امریکی اسرائیلی حملوں میں آیت اللّٰہ خامنہ ای اپنے خاندان کے کئی افراد اور اعلیٰ عہدیداروں سمیت شہید ہو گئے تھے۔