امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ خود کو ڈاکٹر کے روپ میں پیش کرتے ہوئے اپنے مشہور ناقدین کا مبینہ طور پر ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم (TDS) کا علاج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں ٹرمپ سفید ڈاکٹر کے کوٹ اور گلے میں اسٹیتھو اسکوپ پہنے نظر آتے ہیں، جبکہ ان کے کوٹ پر Donald J. Trump, M.D درج ہے، وہ ویڈیو میں دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ ایک ایسا علاج ہے جس سے ان کے ناقدین کی کیفیت بہتر ہو سکتی ہے۔
ویڈیو میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے اداکارہ روزی او ڈونل، جولیا رابرٹس، رابرٹ ڈی نیرو، ووپی گولڈ برگ، جان لیگیزامو اور ایڈورڈ نورٹن کی جعلی ویڈیوز بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں انہیں یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ٹرمپ کی مخالفت نے ان کی زندگی متاثر کی۔
بعد ازاں ڈاکٹر ٹرمپ نے اپنے علاج کے طور پر خبروں سے دور رہنے، دعائیں کرنے اور ڈائٹ کولڈرنگ پینے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ ڈیرینجمنٹ سنڈروم (TDS) کوئی طبی بیماری نہیں، بلکہ یہ اصطلاح ٹرمپ اور ان کے حامی اکثر اپنے سخت ناقدین کے لیے طنزیہ انداز میں استعمال کرتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے اے آئی سے تیار کردہ متنازع مواد شیئر کیا ہو، اس سے قبل بھی وہ خود کو اے آئی تصویر میں حضرت عیسیٰ ؑ کے روپ میں مریضوں کو شفا دیتے دکھائی دیے۔
ٹرمپ سابق امریکی صدر بارک اوباما اور ان کی اہلیہ مشل اوباما کی متنازع اے آئی ویڈیو بھی شیئر کر چکے ہیں۔