جاپان میں 2025ء کے دوران 76 ہزار سے زائد افراد تنہائی میں گھروں میں انتقال کر گئے۔
جاپان کی نیشنل پولیس ایجنسی (این پی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے دوران ملک بھر میں 76 ہزار 941 افراد اپنے گھروں میں اکیلے انتقال کر گئے۔
یہ تعداد گزشتہ سال پولیس کے زیرِ انتظام آنے والی 2 لاکھ 4 ہزار 562 لاشوں کا تقریباً ایک تہائی بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تنہائی میں وفات پانے والوں میں 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی شرح 76.6 فیصد رہی، اس عمر کے 58 ہزار 919 افراد گھروں میں مردہ پائے گئے، جو 2024ء کے مقابلے میں 875 زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ بیشتر افراد کی لاشیں نسبتاً جلد دریافت کر لی گئیں، 28 ہزار 398 افراد کی لاشیں موت کے دن یا اگلے روز ملیں، جبکہ 15 ہزار 865 افراد کی لاشیں 2 سے 3 دن اور 10 ہزار 456 افراد کی لاشیں 4 سے 7 دن کے اندر دریافت ہوئیں۔
علاوہ ازیں 22 ہزار 222 افراد کی لاشیں 8 یا اس سے زیادہ دن گزرنے کے بعد برآمد ہوئیں، جو مجموعی تعداد کا 28.9 فیصد ہے۔
جاپانی حکومت ایسے واقعات کو ’کوری تسوشی‘ یعنی تنہائی میں موت قرار دیتی ہے، جو ملک میں بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی اور سماجی تنہائی کے سنگین مسئلے کی عکاسی کرتے ہیں۔