جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کی دورۂ بھارت کے دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ سنتور بجانے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے نریندر مودی سنتور کو بجانے کا طریقہ سانائے تاکائیچی کو بتاتے ہیں اور اس کے بعد وہ خود سنتور کو بجانے کی کوشش کرتی ہیں اور پھر کامیاب کوشش پر بہت خوش ہوتی ہیں۔
جاپانی وزیرِ اعظم کی سنتور بجانے کی کامیاب کوشش پر بھارتی وزیرِ اعظم اور وہاں موجود دیگر جاپانی و بھارتی حکام نے بھی انہیں تالیاں بجا کر داد دی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف قسم کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سانائے تاکائیچی یکم جولائی سے 3 جولائی تک بھارت کے 3 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے اپنے دورۂ بھارت کے دوران 16 ویں بھارت جاپان سالانہ کانفرنس میں شرکت کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کی مکمل رینج کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
سنتور ایک روایتی اور قدیم تاروں والا موسیقی کا آلہ ہے، جو برِصغیر خاص طور پر کشمیر اور ایران میں کثرت سے استعمال ہوتا ہے، یہ بنیادی طور پر آلۂ موسیقی ہیمرڈ ڈولسیمر کی ایک قسم ہے۔