• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی عدالت کا کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ بحال کرنے کا حکم

—تصویر بشکریہ غر میڈکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غر میڈکی میڈیا

دہلی ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ نوجوانوں کی سیاسی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بند کیا گیا اکاؤنٹ بحال کیا جائے، جو 1 ماہ سے زائد عرصے سے معطل ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ چند ہی روز میں تقریباً 2 لاکھ فالوورز حاصل کرنے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔

عدالت میں وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ اکاؤنٹ پر کی جانے والی پوسٹس ملک گیر میڈیکل کالج داخلہ امتحان کے دوبارہ انعقاد کے دوران بدامنی اور انتشار کا باعث بن سکتی تھیں، مذکورہ امتحان کے سوالیہ پرچے لیک ہونے کے بعد دوبارہ لیا گیا تھا۔

کاکروچ جنتا پارٹی گزشتہ 2 ہفتوں سے متبادل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے حامیوں سے رابطے میں ہے اور سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے لیے دھرنے بھی دے رہی ہے۔

رائٹرز کے مطابق سماعت کے دوران بھارتی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اسے اکاؤنٹ بحال کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں، جس کے بعد دہلی ہائی کورٹ نے اکاؤنٹ بحال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

پارٹی کے بانی ابھیجیت نے ایکس پر جاری بیان میں عدالتی فیصلے کو پارٹی، عوامی تحریک، آزادیٔ اظہار اور ڈیجیٹل حقوق کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

کاکروچ جنتا پارٹی خود کو سست، بے روزگار افراد کی نمائندہ جماعت قرار دیتی ہے، پارٹی کے مطابق اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید