• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: مصنوعی ذہانت کی مدد سے 46,812 اینیمی اکاؤنٹس حذف کرنے پر 15 سالہ طالبعلم گرفتار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

جاپان میں 15 سالہ ہائی اسکول کے طالب علم کو ایک آن لائن اینیمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر سائبر حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم نے مصنوعی ذہانت کی چیٹ سروس کی مدد سے ایک ایسا پروگرام تیار کیا جس کے ذریعے غیر مجاز (پرائیویٹ) اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر کے 46,812 صارفین کے اکاؤنٹس منسوخ کر دیے گئے۔

تحقیقات کے مطابق یہ سائبر حملہ 4 نومبر 2025ء کو کیا گیا جس کے باعث پلیٹ فارم کی سروس 6 نومبر سے متاثر ہوئی اور مکمل بحالی دسمبر میں ممکن ہو سکی۔

کمپنی نے بعد ازاں واقعے کی اطلاع پولیس کو دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پلیٹ فارم میں موجود ایک سیکیورٹی خامی کا فائدہ اٹھایا اور کمپنی کی جانب سے رسائی بلاک کیے جانے کے باوجود تقریباً 30 مرتبہ اپنا انٹر نیٹ پتہ تبدیل کر کے حملے جاری رکھے۔

ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے پروگرام خود تیار کیا تھا تاہم عمل سست ہونے پر مصنوعی ذہانت سے مدد لے کر اسے دوسری پروگرامنگ زبان میں مکمل کیا۔

اس کا کہنا ہے کہ اسے کمپنی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی بلکہ اس نے اس پلیٹ فارم کو اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں اکاؤنٹس تک رسائی ممکن تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم مبینہ حملے کے وقت جونیئر ہائی اسکول کا طالب علم تھا اور اسے رواں سال جون میں بھی کمپیوٹر سے متعلق دیگر مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ملزم نے بتایا ہے کہ اس نے ابتدائی جماعتوں ہی سے خود پروگرامنگ سیکھنا شروع کر دی تھی۔

واقعے کے بعد کمپنی نے متاثرہ صارفین کو انفرادی طور پر آگاہ کیا، فریب پر مبنی ای میلز سے محتاط رہنے کی ہدایت کی، دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست کی اور سروس متاثر ہونے کے دوران وصول کی گئی رکنیت فیس واپس کرنے کا اعلان بھی کیا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ حاصل کیا گیا ڈیٹا آن لائن شائع ہوا یا اس کا غلط استعمال کیا گیا جبکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید