کولکتہ میں احتجاج کے دوران سابق وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتا بینرجی نے مبینہ طور پر اپنی ہی جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی )کے کارکن کو تھپڑ مار دیا۔
ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں مبینہ طور پر وہ احتجاجی مارچ کے دوران اپنی ہی جماعت کے ایک کارکن کو تھپڑ مارتے دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں ایک شخص کو ہجوم پر قابو پاتے اور ممتا بینرجی کے گزرنے کے لیے راستہ صاف کررہا ہے، چند لمحوں بعد ہی سابق وزیراعلیٰ برہم ہوجاتی ہیں اور اسی کارکن کو تھپڑ مار دیتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نے شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ ہجوم کو منظم کرنے والے پر ہی ممتا بینر جی غصے میں آگئیں اور تھپڑ مار دیا۔
ٹی ایم سی نے کولکتہ میں بالی گنج پہاڑی سے حضرہ موڑ تک احتجاجی مارچ نکالا، جس کی قیادت ممتا بینرجی نے کی، یہ احتجاج 11 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف کیا گیا تھا۔
اس موقع پر بی جے پی کے کارکنوں کی ٹی ایم سی کارکنوںسے جھڑپ ہوئی، پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کےلیے لاٹھی چارج کیا تھا۔
ممتا بینرجی نے کارکنوں پر حملے کی مذمت کی اور الزام لگایا کہ بی جے پی نے منصوبہ بندی کے ساتھ ہنگامہ آرائی کی اور مرد وخواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران پولیس تماشائی بنی رہی۔