ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صوبائی سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملوں میں بوشہر کی 2 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
بوشہر کے نائب گورنر برائے سیاسی و سیکیورٹی امور کے مطابق دشتی کاؤنٹی میں واقع ایک فوجی تنصیب کو علی الصبح حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ بعد ازاں چغادک شہر کے قریب واقع ایک اور فوجی تنصیب پر بھی حملہ کیا گیا۔
اس سے قبل جنوبی ایران کے شہروں بندر عباس اور بوشہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔
دوسری جانب ایران نے بندر عباس ایئر پورٹ کو نقصان پہنچنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
صوبہ ہرمزگان کی ایئر پورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ منگل کی شب ہونے والے امریکی حملوں کے باوجود بندر عباس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے یا آلات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
انتظامیہ کے مطابق ہوائی اڈے کی تنصیبات اور آپریشنل نظام محفوظ ہیں اور حملوں کے نتیجے میں انفرااسٹرکچر یا ساز و سامان کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔