کراچی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں 17 سالہ لڑکی اقصیٰ احسان پر کیمیکل پھینکنے کے الزام میں ملزمہ مہک کو گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر سی 6 میں 17 سالہ لڑکی پر مبینہ طور پر کیمیکل پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمہ مہک کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمہ نے گھریلو یا پڑوسیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران اپنی 17 سالہ پڑوسن اقصیٰ احسان پر مبینہ طور پر کیمیکل پھینکا، جس کے باعث لڑکی معمولی جھلس گئی، متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
طارق الہٰی مستوئی نے کہا کہ واقعے کی مکمل نوعیت، استعمال کیے گئے کیمیکل کی نوعیت اور دیگر حقائق کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمہ مہک کے خلاف قانون کے مطابق ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ تفتیش مکمل ہونے پر مزید قانونی پیش رفت کی جائے گی۔