بلوچستان حکومت کے نئے ڈویژنز اور نئے اضلاع کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان اب 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع پر مشتمل ہوگا، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو ایسٹ اور ویسٹ کے دو اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔
حکومتِ بلوچستان کے محکمۂ ریونیو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے بعد ڈویژنز کی تعداد 11 اور اضلاع کی تعداد 41 ہوگئی ہے، 11 ڈویژنز میں کوئٹہ، رخشان، مکران، نصیر آباد، ژوب، لورالائی، کوہ سلیمان، پشین، لسبیلہ اور سیوی اور خضدار شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہوگا، ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سےعلیحدہ کرکے کوئٹہ میں شامل کر دیا گیا ہے، ضلع کوئٹہ کو دو اضلاع میں تقسیم کیا گیا، جو کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ اضلاع پر مشتمل ہوگا۔
کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں، کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں۔
بلوچستان حکومت نے قلات ڈویژن کو ختم کرکے دو نئے ڈویژن خضدار اور لسبیلہ بنا دیے ہیں، خضدار ڈویژن خضدار، قلات، سوراب اور نیا ضلع وڈھ پر مشتمل ہوگا جبکہ لسبیلہ ڈویژن میں لسبیلہ، حب اور آواران اضلاع شامل ہوں گے۔
نیا ڈویژن پشین، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن اور نیا ضلع برشور پر مشتمل ہوگا۔
حکومت بلوچستان نے سبی ڈویژن کا نام تبدیل کرکے سیوی رکھ دیا ہے، سیوی ڈویژن، سیوی، ڈیرہ بگٹی ساؤتھ اور کچھی اضلاع پر مشتمل ہوگا۔