بہت سے لوگ ببل ریپ (Bubble Wrap) کے بلبلے پھوڑنے کو محض ایک تفریحی عادت سمجھتے ہیں، مگر ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ عمل ذہنی سکون، توجہ اور خوشی کے احساس سے بھی جڑا ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ببل ریپ پھوڑتے وقت چھونے، آواز سننے اور فوری ردِعمل کا امتزاج دماغ میں ایسے نفسیاتی عمل کو متحرک کرتا ہے جو تناؤ کم کرنے اور اطمینان کا احساس پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ببل ریپ ایک ہی وقت میں چھونے، سننے اور دیکھنے کے حواس کو متحرک کرتا ہے، ہر بلبلہ پھوٹنے پر دماغ کو فوری اور متوقع ردِعمل ملتا ہے، جس سے کئی افراد کو سکون اور اطمینان محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہر بلبلہ پھوڑنے سے دماغ کو ایک چھوٹی سی کامیابی کا احساس ملتا ہے، جو دماغ کے انعامی نظام (Reward System) کو متحرک کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایک بلبلہ پھوڑنے کے بعد دوسرا پھوڑنے کا دل چاہتا ہے۔
تحقیقی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ بار بار دہرائے جانے والے سادہ جسمانی اعمال، جیسے اسٹریس بال دبانا، بُنائی کرنا، ڈوڈلنگ کرنا یا انگلیوں سے ہلکی تھپتھپاہٹ، ذہنی دباؤ کم کرنے اور توجہ بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، ببل ریپ پھوڑنا بھی اسی نوعیت کی سرگرمی ہے۔
ماہرِ نفسیات ڈینیئل برلین کے مطابق انسان فطری طور پر تجسس پسند ہوتا ہے، اگرچہ ہر شخص جانتا ہے کہ بلبلہ دبانے سے وہ پھٹ جائے گا، لیکن ہر بار یہ عمل ایک لمحاتی تجسس اور فوری اطمینان پیدا کرتا ہے، جو دماغ کو خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل صرف بچوں کے لیے نہیں بلکہ بالغ افراد کے لیے بھی اہم ہے، ماہرِ نفسیات اسٹورٹ براؤن کی تحقیق کے مطابق ہلکی پھلکی اور خوشگوار سرگرمیاں جذباتی صحت، تخلیقی صلاحیت اور ذہنی مضبوطی کو فروغ دیتی ہیں۔
ماہرینِ نفسیات ایڈورڈ ڈیسی اور رچرڈ ریان کی پیش کردہ سیلف ڈیٹرمینیشن تھیوری کے مطابق انسان بعض سرگرمیاں صرف اس لیے کرتا ہے کیونکہ وہ اسے خود خوشی دیتی ہیں، نہ کہ کسی بیرونی انعام کی خاطر۔
اسی لیے ببل ریپ پھوڑنا ایک ایسی سادہ سرگرمی ہے جو حواس کی تحریک، فوری اطمینان اور چھوٹی کامیابی کے احساس کے ذریعے کئی افراد کو ذہنی سکون اور خوشی فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ بھی ہر بلبلہ پھوڑنے سے خود کو روک نہیں پاتے تو یہ محض ایک عادت نہیں، بلکہ انسانی دماغ کے سادہ مگر خوشگوار تجربات سے لطف اندوز ہونے کا ایک فطری انداز ہے۔