• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلی فیکس: منشیات فروش گروہ کے چار ارکان کو قید، ایک کی سزا معطل

ہیلی فیکس: ویسٹ یارکشائر پولیس کی کاؤنٹی لائنز ٹاسک فورس ’آپریشن فینکس‘ کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ہیلی فیکس میں سرگرم منشیات فروش گروہ کے چار ارکان کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں جبکہ ایک ملزم کی سزا معطل کردی گئی۔

پولیس تحقیقات کے مطابق پیلن (Pellon) کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ایک مخصوص ’ڈرگ لائن‘ کے ذریعے کیلڈرڈیل کے مختلف علاقوں میں کلاس اے منشیات، خصوصاً کوکین، کی سپلائی میں ملوث تھے۔

تمام ملزمان پر کلاس اے منشیات کی فراہمی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ابو چوہدری کے علاوہ دیگر تمام ملزمان کو عدالتی تحویل میں رکھا گیا، بعدازاں پانچوں نے عدالت میں جرم کا اعتراف کر لیا۔

بریڈفورڈ کراؤن کورٹ نے 3 جولائی کو فیصلہ سناتے ہوئے 27 سالہ ارباز علی کو 7 سال، ایک ماہ اور 25 دن، 28 سالہ سمران علی کو 6 سال 9 ماہ جبکہ 26 سالہ بلاول علی اور 44 سالہ عاطف حسین کو تین، تین سال تین ماہ قید کی سزائیں سنائیں۔

اسی طرح 26 سالہ ابو چوہدری کو 24 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تاہم عدالت نے یہ سزا 18 ماہ کے لیے معطل کردی۔

ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی لائنز کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ علاقے میں جرائم کا خاتمہ اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید