اسلامی تعاون تنظیم نے بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے بار بار حملے، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹ ڈالنے کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور او آئی سی کے منشور کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
او آئی سی نے ایران کے حملوں کا نشانہ بننے والے ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم ان ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
او آئی سی کا کہنا ہے کہ بحری جہازوں پر ایرانی حملے اقوام متحدہ چارٹر کی بھی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ کویت، بحرین، یو اے ای، قطر، عمان، اردن پر ایرانی حملے ان ممالک کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔