• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ناراض بیوی کو منانے کیلئے ساس کے کہنے پر بیٹے نے ماں کو زہر دے دیا

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی ساس کی شرط پر اپنی والدہ کے کھانے میں زہر ملا دیا، جس کے باعث خاتون کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ آگرہ کے گاؤں بارپورہ میں پیش آیا۔ ملزم رویندر اور اس کے چھوٹے بھائی مکیش کے درمیان زمین کے تنازع کے دوران رویندر کی بیوی ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جب رویندر اپنی بیوی کو واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا تو اس کی ساس پھولوتی نے مبینہ طور پر شرط رکھی کہ وہ اپنی بیٹی کو اسی صورت بھیجے گی جب رویندر اپنی والدہ کو راستے سے ہٹائے گا، اس نے رویندر کو والدہ کے کھانے میں زہر ملا کر قتل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رویندر گھر واپس آیا اور مبینہ طور پر سبزی میں زہر ملا کر اپنی والدہ کو کھلا دیا، جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے ملزم رویندر کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ جبکہ اس کی ساس پھولوتی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید