• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بمپور گیریژن پر امریکی حملہ، 7 ایرانی فوجی شہید، ایران کا سخت جواب دینے کا انتباہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایرانشہر میں واقع بمپور گیریژن پر امریکی حملے میں 388 ویں بریگیڈ کے 7 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوج نے حملے کو بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مناسب وقت پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

فوج کے بیان کے مطابق امریکی افواج نے 13 میزائل داغے، جنہوں نے فوجی بیرکس کے مختلف حصوں کو نشانہ بنایا، حملوں میں مہمان خانہ، گارڈ پوسٹس اور رہائشی سہولتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ غیر فعال دفاعی اقدامات (Passive Defence Measures) کی بدولت جانی نقصان کو محدود رکھا گیا، جبکہ حملوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی ایران پر امریکی حملوں میں 30 سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتی ہے اور جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

فاطمہ مہاجرانی نے یہ بھی کہا کہ حکومت پوری قوت کے ساتھ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، جنوبی ایران اس سر زمین کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید