برطانیہ کے متوقع وزیرِ اعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مہنگائی اور روز مرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کمی لانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔
اطلاعات کے مطابق وہ اپنی وزارتِ عظمیٰ کے ابتدائی چند دنوں میں ایک ہنگامی امدادی پیکیج متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا مقصد مالی مشکلات سے دو چار خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اینڈی برنہم کے مجوزہ منصوبے کے تحت مقامی بسوں کے کرائے کو دوبارہ 2 پاؤنڈ تک محدود رکھنے کی پالیسی بھی شامل ہے تاکہ عوام کے سفری اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ لندن کے وائٹ ہال سے اختیارات اور ترقیاتی وسائل کو مزید مقامی سطح پر منتقل کیا جائے گا تاکہ مقامی حکومتوں، کونسلوں اور منتخب میئرز کو زیادہ بااختیار بنایا جا سکے۔
اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ ہر پوسٹ کوڈ کے علاقے میں ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ ملک کے تمام حصوں کو یکساں ترقی کے ثمرات حاصل ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ملک کو چلانے کے طریقۂ کار اور عوامی مالیات کے نظام میں بڑی اصلاحات اور انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائے گی۔
سیاسی حلقوں کے مطابق اینڈی برنم کو اب تک لیبر پارٹی کے 350 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، جس کے باعث پیر کے روز ان کا برطانیہ کا نیا وزیرِ اعظم منتخب ہونا تقریباً یقینی تصور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب موجودہ وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے بطور وزیرِ اعظم ہاؤس آف کامنز میں آخری مرتبہ ارکان کے سوالات کے جواب دیے۔
اس موقع پر انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ میری سیاسی زندگی کا یہ باب اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے سر کیئر اسٹارمر کو قومی اور عوامی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں ایک مخلص، دیانت دار اور سچا محبِ وطن رہنما قرار دیا۔