• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ٹی ایس ممبر کی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار، بریانی اور کڑاہی کا ذکر کر کے مداحوں کے دل جیت لیے

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

جنوبی کوریا کے معروف میوزک گروپ بی ٹی ایس (BTS) کے رکن کم تہیونگ (وی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مداحوں سے گفتگو کے دوران پاکستان آنے اور یہاں کے مشہور کھانوں کا ذائقہ چکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ گفتگو اس وقت شروع ہوئی جب ایک پاکستانی مداح نے وی کو پاکستان آنے کی دعوت دی، جس پر وی نے مسکراتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہاں مجھے بریانی اور کڑاہی کھانے کو ملے گی؟

وی کے اس دلچسپ جواب کے بعد پاکستانی مداحوں نے سوشل میڈیا پر بریانی اور کڑاہی کی تصاویر اور پیغامات شیئر کرنا شروع کر دیے اور انہیں پاکستان آنے کی بھرپور دعوت دی۔

اسی آن لائن سیشن کے دوران وی نے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے مداحوں سے بھی گفتگو کی۔

 ایک بھارتی مداح کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں مستقبل میں بھارت کا دورہ بھی کرنا چاہتا ہوں، تاہم بی ٹی ایس کے آرِیرنگ ورلڈ ٹور کے شیڈول میں جنوبی ایشیا کے کسی بھی ملک کا ذکر نہیں ہے اور نہ ہی اب تک اس گروپ کے جنوبی ایشیا کے کسی بھی ملک کے انفرادی ٹور کا کوئی باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیشی مداحوں سے بات کرتے ہوئے وی نے بتایا کہ انہوں نے وہاں کے مشہور مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں اور وہ خاص طور پر کاکس بازار اور پنک پیلس میوزیم دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں بی ٹی ایس کے لاکھوں مداح موجود ہیں، تاہم اب تک گروپ نے جنوبی ایشیا میں کوئی کنسرٹ نہیں کیا، جبکہ ان کی انتظامیہ کی جانب سے بھی خطے کے کسی ممکنہ دورے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید