لاہور(خصوصی نمائندہ)ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی زیر صدارت لاہور شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے انتظامات کا کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطح اجلاس میں 150نئے ٹیوب ویلوں کی تنصب سمیت پہلے سے موجودہ انتظامات کی مانیٹرنگ اور سہولتوںکو بہتربنانے کی ہدایت کی گئی -حمزہ شہبازنے کہا کہ آئندہ 25برسوں کے بعدشہرمیں پانی کی ممکنہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کے مطابق فراہمی آب کی منصوبہ بندی کی جائے اور زیر زمین پانی کے تحفظ کے لئے ٹھوس سفارشات پر مبنی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے -حمزہ شہباز نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کئے جانے والے انتظامات کو 15ستمبرتک جاری رکھا جائے اور بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے -انہوں نے اورنج لائن ٹرین کے آس پاس نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کرنے اور راوی ٹاؤن میں بھاٹی گیٹ ڈسپوزل سٹیشن کو 24گھنٹے فنکشنل رکھنے کی بھی ہدایت کی -حمزہ شہباز نے موسم برسات میں واسا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں ٹیوب ویل خراب ہونے کی صورت میں فراہمی آب کے لئے خصوصی ٹینکر استعمال کئے جائیں -اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا نے بتایا کہ اب تک 17نئے ٹیوب ویلوں نے کام کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ 2ٹیوب ویلوں پر تیزی سے کام جاری ہے لاہور میں 45نئے ٹیوب ویلوں کے لئے محکمہ پی اینڈ ڈی جلد منظوری دے رہا ہے -