برطانیہ کی بڑی سپر مارکیٹوں نے بار بار چوری کرنے والے اور پرتشدد افراد کی روک تھام کے لیے چہرہ شناس کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کیمروں کے ذریعے ایسے افراد کی شناخت کی جائے گی جو ماضی میں متعدد بار چوری یا عملے کو دھمکانے میں ملوث رہے ہوں۔
اس نظام کے تحت ہر سپر مارکیٹ اپنی واچ لسٹ تیار کرے گی۔ واچ لسٹ میں شامل شخص کے اسٹور میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی عملے کو فوری اطلاع مل جائے گی، جس کے بعد ضرورت پڑنے پر اسے داخل ہونے سے روکا جاسکے گا یا پولیس کو مطلع کیا جا سکے گا۔
یہ ٹیکنالوجی نیوزی لینڈ کی کمپنی Auror فراہم کر رہی ہے، جبکہ برطانیہ کی کئی بڑی ریٹیل چینز پہلے ہی اس نظام سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کا مقصد صرف جرائم کی روک تھام اور عملے و خریداروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چہرہ شناس کیمروں کا استعمال شہریوں کی رازداری اور بنیادی حقوق کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔