• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش، مذاکرات و سفارتکاری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا: ترجمان دفترِ خارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی---فائل فوٹو
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی---فائل فوٹو

پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے، حوثی ملیشیا کی سعودی عرب کو دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کی مسلسل دھمکیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا، بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے اعلانات کی شدید مذمت کی، تجارتی جہازوں کو دھمکیاں علاقائی امن، عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، بحری جہازوں کو دھمکیاں عالمی قانون اور بحری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ 

طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش ہے، پاکستان نے تمام فریقوں کو ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا، پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ایرانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم ، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کی ہیں، اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک کی سلامتی، خود مختاری، علاقائی سالیمت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، افغان طالبان رجیم دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے بدستور موجود ہیں۔

طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی طرف سے دہشت گردوں کی پشت پناہی سے علاقائی امن کو خطرہ لاحق ہے، ہزاروں پاکستانی دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوچکے، عالمی برادری دہشت گردوں کی پشت پناہی پر افغان طالبان کو جواب دہ ٹھہرائے۔

قومی خبریں سے مزید