کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق شیریں جناح کالونی میں عبدالمقدر اور پیر زمان کے بیٹوں کے درمیان موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے باعث جھگڑا ہوا۔
علاقہ مکینوں نے معاملہ رفع دفع کروادیا جس کے بعد سب گھروں کو چلے گئے لیکن کچھ ہی دیر بعد پیر زمان اور اس کے ساتھی عبدالمقدر کے گھر پہنچے اور فائرنگ کردی، اس دوران دو طرفہ فائرنگ بھی ہوئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں عبدالمقدر اور اس کا ایک بیٹا زخمی ہوگیا، جبکہ ایک بیٹا عامر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
دوسری جانب پیر زمان گروپ کے دو افراد شاہد زمان اور ابو ذر زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوع سے متعدد خول قبضے میں لے لیے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔