• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر میں وزیرِ اعظم کے نئے دفتر ’نمبر 10 نارتھ‘ کا افتتاح، شمالی علاقوں کو اختیارات منتقل کرنے کا اعلان

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

وزیرِ اعظم اینڈی برنہم نے مانچسٹر کے شہر کے مرکز میں ’نمبر 10 نارتھ‘ کے نام سے وزیرِ اعظم کے نئے دفتر کا افتتاح کر دیا جو شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے سرکاری امور انجام دے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق نئے دفتر میں حکومتی مواصلاتی ہیڈکوارٹرز بھی موجود ہے، یہ دفتر حکومت کی معاشی ترقی کے نئے مرکز کے طور پر کام کرے گا۔

وزیرِ اعظم ہر ہفتے ایک دن مانچسٹر کے اس دفتر سے سرکاری امور انجام دیں گے جبکہ دیگر وزراء بھی یہاں باقاعدگی سے کام کریں گے۔ 

افتتاح کے پہلے روز انہوں نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی، عملے، علاقائی میئرز، کاروباری نمائندوں اور میڈیا سے ملاقاتیں کیں، بعد ازاں دفتر سے باہر آنے پر شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ ’مجھے مانچسٹر سے محبت ہے۔‘

دفتر کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے اینڈی برنہم نے کہا کہ گزشتہ 40 برس سے اختیارات لندن تک محدود رہے تاہم ’نمبر 10 نارتھ‘ کے قیام سے ملک کے مختلف علاقوں کو زیادہ اختیارات اور وسائل میسر آئیں گے۔

عینی شاہدین کے مطابق دفتر کی سیکیورٹی کے لیے گریٹر مانچسٹر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے اور عمارت کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔

دوسری جانب ناقدین نے نئے دفتر کو سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ قرار دیا تاہم وزیرِ اعظم نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے لندن کے غیر ضروری سرکاری سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔

مانچسٹر کے شہریوں نے نئے دفتر کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اینڈی برنہم نے اختیارات کی منتقلی کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے اور اس اقدام سے شمالی انگلینڈ کی ترقی میں مدد ملے گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید