ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ کوئی مذاق نہیں، بلکہ ہر سال دنیا بھر سے کھڑکیاں صاف کرنے والے افراد لندن میں جمع ہوتے ہیں تاکہ ونڈو کلیننگ چیمپئن کا اعزاز جیتنے کے لیے مقابلہ کر سکیں۔
کھڑکیاں صاف کرنا ایسا کام ہے جو بظاہر آسان لگتا ہے، لیکن اس میں مہارت حاصل کرنا اتنا آسان نہیں۔ یقیناً، اسکوئیجی (کھڑکیاں صاف کرنے کے لیے استعمال ہونیوالا آلہ) چلانے کے لیے کسی ڈگری کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن اگر آپ دنیا کے بہترین پیشہ ور ونڈو کلینرز کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو بھرپور تربیت اور اعلیٰ مہارت کی ضرورت ہوگی۔
71 سالہ ٹیری بروز نے برطانوی میڈیا سے گفتگو میں کہا جو میں کر رہا ہوں، وہ کام میری عمر سے آدھی عمر کے لوگ بھی نہیں کر سکتے، یہ کام یوں ہی نہیں ہو جاتا، اس کے لیے باقاعدہ تربیت اور مشق کرنی پڑتی ہے۔
ٹیری بروز جو آج بھی ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ میں حصہ لیتے ہیں، ونڈو کلیننگ کی دنیا میں یوسین بولٹ کے نام سے مشہور ہیں۔ 2009 میں انہوں نے صرف 9.14 سیکنڈ میں 45×45 انچ کے تین شیشوں کو نہایت ہی عمدہ انداز میں صاف کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا، جو آج تک برابر نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی توڑا جا سکا ہے۔
ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ کے قواعد نسبتاً سادہ ہیں، مقابلہ کرنے والوں کو ایک معیاری 12 انچ (300 ملی میٹر) اسکوئیجی (مقررہ ہینڈل کے ساتھ)، ایک معیاری 14 انچ (350 ملی میٹر) اپلیکیٹر (ٹی بار) (مقررہ ہینڈل کے ساتھ)، ایک معیاری 14 انچ اپلیکیٹر کور، پانی سے بھری ہوئی ایک بالٹی، ونڈو کلیننگ ڈیٹرجنٹ اور ایک سِکرم کپڑا فراہم کیا جاتا ہے۔ ان تمام آلات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں 45× 45 انچ کے تین شیشوں کو کم سے کم وقت میں مہارت کے ساتھ مکمل طور پر صاف کرنا ہوتا ہے۔
تین ججوں کی کڑی نگرانی میں شرکا اپنے ہاتھوں کو انگلش لفظ ایس کی شکل میں حرکت دیتے ہوئے شیشے پر اسکوئیجی چلاتے ہیں اور پھر اس کے بعد اسکرم کا استعمال کرتے ہیں تاکہ شیشے پر کوئی دھبہ یا لکیر باقی نہ رہے۔ جب وہ اپنا کام مکمل کر لیتے ہیں تو انہیں ٹائمر روکنے کے لیے بلند آواز میں اسٹاپ کہنا ہوتا ہے۔
اس مقابلے میں رفتار بہت اہم ہوتی ہے، لیکن جیتنے کے لیے صرف تیزی کافی نہیں، کھڑکیوں کو واقعی اچھی طرح صاف کرنا بھی ضروری ہے۔ تینوں کھڑکیوں پر رہ جانے والی ہر لکیر، پانی کا ہر قطرہ، یا ہر دھبے پر 0.5 سیکنڈ کی سزا دی جاتی ہے اور اگر شیشے پر موٹی یا نمایاں لکیریں رہ جائیں تو 1 سیکنڈ کی پینلٹی عائد کی جاتی ہے۔ تینوں جج اس قدر تربیت یافتہ ہوتے ہیں کہ وہ معمولی سے معمولی خامی بھی فوراً دیکھ لیتے ہیں، اس لیے ہر چھوٹی غلطی پر بھی پینلٹی دی جاتی ہے۔
ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ کے فاتح کو ایک ہزار برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 1,350 امریکی ڈالر) نقد انعام دیا جاتا ہے، لیکن اصل انعام اس پیشہ ور افراد کے درمیان فخر سے خود کو عالمی چیمپیئن کہلانے کا اعزاز ہوتا ہے۔