اب بکریاں بھی گرین بس میں سفر کرنے لگی ہیں، امریکی ریاست اوریگون کے بس اسٹاپ کی ایک ویڈیو نے دلچسپ کہانی بیان کردی۔
امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹلینڈ میں ایک انتہائی دلچسپ اور انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں دو آوارہ بکریاں گھومتے گھومتے ایک بس اسٹیشن میں جا گھسیں اور وہاں کھڑی بس پر بھی سوار ہو گئیں۔
مقامی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ 911 پر اطلاع ملی کہ 'ڈویژن اسٹریٹ' کے بس اسٹیشن پر دو بکریاں آزادانہ گھوم رہی ہیں۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دونوں بکریاں بڑے آرام سے اسٹیشن پر آئیں، کچھ دیر کے لیے بس کے اندر داخل ہوئیں اور پھر نیچے اتر کر قریب واقع ایک شاپنگ سینٹر کی طرف نکل گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے میں تلاش شروع کی لیکن بکریاں غائب ہو چکی تھیں اور ان کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس انوکھے واقعے پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’یہ کہاں سے آئی تھیں؟ کہاں جا رہی تھیں؟ اور کیا ان کے پاس سفر کے لیے درست ٹکٹ تھا؟ کچھ سوالوں کے جواب شاید کبھی نہ مل سکیں!‘