• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KMU کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے مدت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوگئے، انہوں نے باضابطہ طور اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا، جس کے بعد ڈین بیسک میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی نے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا۔ اس سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی، رجسٹرار کے ایم یو انعام اللہ خان وزیر، ڈینز، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے 2020 سے 2026 تک اپنے دور کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں ادارہ جاتی استحکام، اکیڈمک ایکسیلنس، تحقیق کے فروغ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور صحت کے نظام پر مثبت اثرات کو خصوصی ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو جدید، تحقیق پر مبنی اور عالمی معیار کا ادارہ بنانا ان کے وژن کا بنیادی حصہ رہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کو پیپر لیس بنانے، ڈیجیٹل نظام کے نفاذ، تحقیقی معیار میں بہتری اور عالمی سطح پر کے ایم یو کے اثرات بڑھانے میں فیکلٹی اور انتظامی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہیں۔
پشاور سے مزید