پشاور(سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب سے نمٹنے اور صوبہ میں فلڈ ریزیلینس مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک سے تقریبا 69 ارب روپے کا نیا قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے، قرض کی منظوری صوبائی کابینہ سے حاصل کی جائے گی۔عالمی بینک کی پروجیکٹ انفارمیشن دستاویز کے مطابق منصوبہ کا بنیادی مقصد صوبے کے منتخب اور سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کو قدرتی آفات کے اثرات سے محفوظ بنانا اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار بہتر کرنا ہے۔ منصوبے کی مجموعی لاگت اور فنانسنگ 25 کروڑ ڈالرز مقرر کی گئی ہے، جس کی مکمل رقم عالمی بینک فراہم کرے گا۔منصوبے پر عملدرآمد میں صوبائی محکمہ آبپاشی کے ساتھ محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری بھی شامل ہوگا۔منصوبے کے پہلے بڑے حصے کے لیے تقریبا 19 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت سیلاب سے بچاو کے لیے مختلف بنیادی ڈھانچے تعمیر اور بحال کیے جائیں گے۔ان منصوبوں میں حفاظتی پشتے، فلڈ کیریئر چینلز، ریٹیننگ والز اور چیک ڈیمز شامل ہیں۔منصوبے کے تحت صوبے بھر میں فلڈ وارننگ اینڈ فورکاسٹنگ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا ۔