پشاور(کرائم رپورٹر ) پشاور کے علاقے فقیر آباد میں لڑکی کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے بیٹی کے قتل میں ملوث ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ملک میں حالیہ عرصہ میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ تھانہ فقیر آباد کے اے ایس آئی شہزاد خان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق خواجہ ٹاون میں خاتون کے قتل کی اطلاع ملی جس پر پولیس نفری موقع پر پہنچی جہاں خاتون کی قتل شدہ نعش پڑی تھی ۔پولیس کاکہناہے کہ مقتولہ کی شناخت 28سالہ مسمات(س)دختر فولاد سے ہوئی ہے جن کا اصل تعلق باجوڑ سے ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مقتولہ کو پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیاگیا۔مقتولہ کے والد کو شک تھا کہ اس کی بیٹی کا کسی کیساتھ مبینہ تعلق ہے ۔ملزم فولادکو حراست میں لے لیا گیااور اس کیخلاف غیرت کے نام پر قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ د رج کرلیاگیا ۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل ٹک ٹاکر شمسو کو اپنے ہی والد اور بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کیا جبکہ راولپنڈی میں حنا جاویدنامی شادی شدہ خاتون کی نعش گھر سے برآمد ہوئی ۔