پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیئرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم توہینِ عدالت کی درخواست آج ہی دوبارہ دائر کریں گے، بینچ آج ہی تشکیل دیا جائے تاکہ پرسوں سماعت ہو سکے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ سے فیسیلیٹیشن سینٹر میں ملاقات ہوئی، رجسٹرار آفس کی جانب سے ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی فہرست نہیں بھیجی گئی، ہم نے درخواست کی جلد سماعت کے لیے رجوع کیا، ہماری توہینِ عدالت کی درخواست واپس کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت بہت ضروری ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق فیملی ممبران کی ملاقات بھی ضروری ہے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ آج ملاقاتوں کا دن ہے، میں گزارش کروں گا کہ ملاقاتیں ہونے دی جائیں، گزشتہ ملاقات کی کوئی بات سامنے نہیں آئی، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔