• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک: مین ہول سے پُراسرار افراد کے نکلنے کی ویڈیو وائرل، پولیس کی تحقیقات

---اسکرین گریب
---اسکرین گریب

 امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں 3 افراد کے مین ہول سے نکلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد نیویارک پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 افراد رات گئے مین ہول کا ڈھکن کھول کر سڑک پر نکلتے ہیں اور پھر وہاں سے چلے جاتے ہیں۔ 

واقعہ مین ہیٹن میں پین اسٹیشن کے قریب 32ویں اسٹریٹ اور سیونتھ ایونیو پر صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔

تینوں افراد نے ہیڈ لیمپس اور حفاظتی لباس پہن رکھے تھے، ایک عینی شاہد کے مطابق وہ پیشہ ور افراد لگ رہے تھے اور انہیں معلوم تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

واقعے کے بعد حکام نے سیوریج نظام کا معائنہ کیا، محکمۂ تحفظِ ماحولیات کے مطابق انفرااسٹرکچر کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

حکام نے شہریوں کو زیرِ زمین سیوریج نظام میں داخل ہونے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں زہریلی اور جان لیوا گیسں، غیر مستحکم سطح، اچانک سیلاب اور تنگ جگہوں سمیت متعدد خطرات موجود ہوتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نیویارک کے مختلف علاقوں میں اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں، جہاں ہیڈ لیمپس اور واٹر پروف لباس پہنے افراد مین ہولز سے باہر نکلتے دیکھے گئے۔

حکام کا شبہ ہے کہ یہ افراد ممکنہ طور پر شہری علاقوں کی زیرِ زمین جگہوں کی کھوج کرنے والے افراد یا سڑکوں کے نیچے گری قیمتی اشیاء تلاش کرنے والے افراد ہو سکتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا، مین ہیٹن میں پیش آنے والے واقعے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید