• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس میں یوم آزادی کی تقریب، اوورسیز پاکستانیوں میں اتحاد و بھائی چارے پر زور

پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پیرس میں معروف سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری محمد عارف کی میزبانی میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور ملکی و اوورسیز صحافیوں نے شرکت کی۔

راجہ کرامت  نے تحریک پاکستان اور قیام پاکستان میں صحافت کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت اور قومی اقدار کے سفیر ہیں۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار یونس خان نے کہا کہ تحریک آزادی کے دوران صحافت نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور اُجاگر کرنے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اخبارات اور صحافیوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مسلم لیگ کا مؤقف عوام تک پہنچانے کے ساتھ مسلمانوں کے سیاسی و سماجی حقوق کے لیے بھی بھرپور آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی صحافت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے حقائق پر مبنی، ذمہ دارانہ اور مثبت صحافت کو فروغ دیا جائے۔ اوورسیز پاکستانی صحافی دیار غیر میں پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو نمایاں کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

سینئر صحافی ملک منیر نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک طویل اور عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس میں سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، دانشوروں اور صحافیوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک یوم آزادی کی تقریبات نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ اور قومی اقدار سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی، سماجی اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستانی کی حیثیت سے متحد ہونا چاہیے۔

میزبان چوہدری محمد عارف نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں میڈیا اور صحافت کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ صحافیوں اور اخبارات نے مشکلات اور پابندیوں کے باوجود مسلمانوں کی آواز عوام تک پہنچائی اور انہیں ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر ہے، اس لیے ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ اور نظریاتی بنیادوں سے روشناس کروانا ہوگا۔

چوہدری محمد عارف نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اخوت، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور ایک مضبوط پاکستانی کمیونٹی کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

 انہوں نے کہا کہ متحد ہو کر اوورسیز پاکستانی ناصرف میزبان ممالک میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں بلکہ وطن کی ترقی اور خوشحالی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید