نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی بشکیک میں ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس سے قبل ہوئی۔
ملاقات میں اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتِحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مسلسل رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے جون 2026ء کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر فریقین کی جانب سے مخلصانہ عمل درآمد کو آگے بڑھنے کا واحد راستہ قرار دیا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے بشکیک میں ملاقات کی، دونوں کے درمیان گرمجوش اور دوستانہ تبادلہ خیال ہوا، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی، ملاقات میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026ء کے اجلاس پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بیلاروس کے وزیرِ خارجہ میکسم ریزنکوف نے بھی ملاقات کی ہے۔
بشکیک میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے موقع پر ہوئی ملاقات میں اسحاق ڈار اور بیلاروس کے وزیرِ خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی روسی اور تاجک وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
اسحاق ڈار اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان خوشگوار تبادلہ خیال کیا گیا۔