سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدام کرتے ہوئے حتمی مالکان کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز جاری کر دیے۔
ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق کمپنیوں نے الٹی میٹ بینیفیشل اونر سے متعلق لازمی فارم 19 جمع نہیں کرایا، کمپنی میں 25 فیصد یا زائد حصص یا ووٹنگ کے حقوق رکھنے والا شخص حتمی مالک تصور ہو گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی پر براہِ راست یا بالواسطہ مؤثر کنٹرول رکھنے والا بھی حتمی مالک تصور ہو گا، حتمی مالکان کی تفصیلات فراہم کرنا کمپنیز ایکٹ 2017ء کے تحت لازمی ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں کو فارم 19 جمع کرانے کے لیے 30 روز کی مہلت دی ہے، مقررہ مدت میں تعمیل نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔