راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے اراکین قومی اسمبلی راولپنڈی ملک ابرار اور طاہرہ اورنگزیب نے ملاقات کی۔ اس دوران ملک ابرار نے ان کو الائیڈ ہسپتالوں میں ایم آر مشینوں اور تھیلاسیمیا بلڈ ٹیسٹ کیلئے جدید مشینوں کی ضرورت سے آگاہ کیا جس پر حمزہ شہباز شریف نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ان ہسپتالوں میں عوام کی طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جن چیزوں کی ضرورت ہے اس کو جلد سے جلد پورا کیا جائے۔ اس دوران رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے دارالعلوم ہائی سکول راجہ بازار کے حوالے سے بتایا کہ قیام پاکستان سے قبل قائداعظم نے بھی اس سکول کا دورہ کیا تھا آج اس کی عمارت خستہ حال ہوچکی ہے۔ چھتیں ٹپک رہی ہیں اس کی مرمت کی فوری ضرورت ہے جس پر حمزہ شہباز نے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔