• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج82 شہروں میں حکومت کیخلاف دھرنےہونگے، طاہر القادری

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے قائدڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج ملک کے 82 شہروں میں قاتل حکومت کے خلاف شہدائے ماڈل ٹائون کے قصاص اور پاکستان کی سا  لمیت کیلئے ریلیاں اور دھرنے ہونگے۔حکمرانوں کا بال بال کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، کرپٹ قاتل حکومت کے خلاف چاروں صوبوں سے کارکن سڑکوں پر نکلیں گے۔ ہمارے ورکرز میں جوش و خروش اور دم خم 2014 والے دھرنے سے بھی زیادہ ہے ۔ظالمانہ ٹیکسوں کا شکار تاجر، لوڈشیڈنگ سے تنگ مزدور ،بیروزگاری سے پریشان نوجوان ،اغواء کی وارداتوں اورپولیس مظالم کا شکار عوام ان دھرنوں میں شریک ہوں گے ۔ہمارا احتجاج قصاص ،انصاف اور سا  لمیت پاکستان کیلئے ہے۔وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کو ملک گیر احتجاج کے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ20 اگست کو لاہور ،بہاولپور، فیصل آباد، اوکاڑہ، سرگودھا، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، حیدر آباد،سکھر، لاڑکانہ، بدین ، جیکب آباد،پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، مانسہرہ، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، ڈیرہ اللہ یار، سانگھڑ،ہارون آباد، شور کوٹ، خان پور، پاک پتن، اوکاڑہ سمیت 82 شہروں میں احتجاج، دھرنے اور ریلیاں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو تمام شہروں میں ہونیوالے احتجاج کی لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کرے گا۔خرم نواز گنڈاپور نے بتایا لاہور میں نا صر باغ سے 3 بجے ریلی چیئرنگ کراس پر دھرنے کی شکل اختیار کرے گی جہاں دیگر جماعتوں کے رہنماخطاب کرینگے۔21 اگست کو اکیس، 25 اگست کو بارہ، 27 اگست کو سترہ شہروں میں احتجاج ہو گا۔ دریں اثنا سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر پاکستان عوامی تحریک  کے رہنمائوں کے ایک وفد نے مال روڈ کے تاجروں سے ملاقات کی ۔عوامی تحریک کے رہنمائوں نے تاجروں کی طرف سے دونوں اطراف کی سروس روڈ کھلی رکھنے کے مطالبے پر تاجروں کو یقین دلایا کہ ہم سروس روڈ کو بند نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی رکاوٹ کھڑی کریں گے بلکہ عوامی تحریک کے کارکن دکانوں اور کاروباری مراکز کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں گے ۔تاجر برادری کی طرف سے صدر مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن سہیل بٹ نے مطالبہ پیش کیا جسے عوامی تحریک کے رہنمائوں نے من و عن تسلیم کر لیا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔عوامی تحریک کے وفد میں مرزا شوکت بیگ ،حاجی اسحق ،جواد حامد ،میاں محمد افتخار ،شہزاد رسول شامل تھے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سخت سکیورٹی خدشات کے باعث لاہورسمیت پاکستان میں ہونے والی تمام ریلیوں ،جلسے ،جلوسوں دھرنوں میں شرکت کرنے کی بجائے ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکن تمام احتجاجی تقریبات میں اپنے قائد کا ویڈیو لنک خطاب پاکستان بھر میں سنیں گے ۔ 
تازہ ترین