بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملتان، رحیم یارخان سمیت 8اضلاع میں فیلڈ آفسز کیلئے اراضی کی نشاندہی نہیں کی جاسکی،صوبائی الیکشن کمشنرنے چیف سیکرٹری پنجاب کومراسلہ جاری کر دیا، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے چیف سیکرٹری حکومت پنجاب کوجاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ صوبہ بھر کے 24اضلاع میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیلڈ آفسز کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی اورالاٹمنٹ کا کہاگیاتھا ،لیکن مشاہدے میں آیاہے کہ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کلکٹرز /ڈسٹرکٹ پرائز اسسمنٹ کمیٹیز پلاٹوں کی قیمت اوراس کی منظوری کے کیسز بورڈ آف ریونیو کو نہیں بھجوارہے جبکہ راولپنڈی،اٹک، گوجراانوالہ، سیالکوٹ، قصور، ننکانہ صاحب، ملتان اوررحیم یارخان کے ڈسٹرکٹ کلکٹرز کی جانب سے تاحال اراضی کی نشاندہی ہی نہیں کی گئی، مراسلے میں کہاگیاہے کہ اگر گورنمنٹ اراضی موجود نہیں تو پرائیویٹ اراضی کی نشاندہی کی جائے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ کلکٹرز کوفوری طورپر کیسز بورڈ آف ریونیوکو منظوری کیلئے بھجوانے کی ہدایت کی جائے۔