کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کا اتحادی ممالک کو اسلحہ فراہمی میں 5 سال تک تاخیر کا انتباہ، ایران جنگ میں میزائل ذخائر کا بڑا حصہ استعمال، پیٹریاٹ، ٹام ہاک اور تھاڈ کی دستیابی شدید متاثر، غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے اتحادی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکی ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کے باعث بعض اہم دفاعی نظاموں کی فراہمی میں پانچ سال تک تاخیر ہو سکتی ہے۔ جرمنی کی جانب سے ٹام ہاک کروز میزائل اور زمین سے لانچ کیے جانے والے ٹائفون نظام کی جلد فراہمی کی درخواست کے باوجود امریکی دفاعی حکام نے موجودہ پیداواری صلاحیت کے باعث طویل تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جاپان کو بھی اپریل میں ٹام ہاک میزائل نظام کی فراہمی میں دو سال کی تاخیر سے آگاہ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کی کارروائیوں میں امریکا نے 1500 سے زائد پیٹریاٹ انٹرسیپٹرز استعمال کیے، جبکہ ٹام ہاک اور تھاڈ میزائلوں کے ذخائر بھی نمایاں حد تک کم ہوئے۔