بھارت میں مبینہ ووٹ چوری کے خلاف احتجاج کے دوران کانگریس کی 2 خواتین رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو ہریانہ کے شہر فرید آباد میں ایک احتجاجی مارچ کے دوران پیش آیا جس میں مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اس واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کانگریس رہنما پراگ شرما اور گجنا لامبا کو ایک بینر کے ساتھ مارچ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جب گجنا لامبا آگے بڑھنے لگیں تو دونوں کے درمیان بحث شروع ہو گئی اور اس دوران پراگ شرما نے گجنا لامبا کو تھپڑ مارا، جس کے جواب میں گجنا لامبا نے بھی انہیں تھپڑ رسید کر دیا۔
اس موقع پر موجود کانگریس کے ضلعی صدر بلجیت کوشک اور دیگر رہنماؤں نے مداخلت کر کے دونوں کو الگ کیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑا ایک تصویر ہٹانے کے معاملے پر شروع ہوا تھا جس کے بعد دونوں خواتین رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایات بھی درج کروائی ہیں۔
دوسری جانب کانگریس کے ضلعی صدر بلجیت کوشک نے واقعے کی شدت کو کم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہجوم میں ساتھ چلتے ہوئے اتفاقاً ایک دوسرے سے ٹکراؤ ہو سکتا ہے، اس لیے معاملہ باہمی رضا مندی سے حل کر لیا جائے گا۔
یہ احتجاج چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی ملک گیر مہم کا حصہ تھا، جس میں انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات اٹھاتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔