• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کی ہر ممکن مدد کریں گے: روسی صدر پیوٹن

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ترکمانستان میں ملاقات ہوئی ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہے، اس حوالے سے ایران کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

روسی صدر نےکہا کہ روس جانتا ہے کہ یہ تنازع ایران کی کسی غلطی کے بغیر شروع ہوا اور ایران تنازع ختم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ کے باوجود ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات سے دستبردار نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کر رہے ہیں، لیکن جب بھی ہم امریکا کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، وہ دوبارہ حملہ کر دیتا ہے، اس کے باوجود ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مسعود پزشکیان نے بتایا کہ تہران نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں، جبکہ واشنگٹن نے بھی نئی تجاویز دی ہیں، ہم نے ان تجاویز میں اپنی ترامیم کر لی ہیں، جب یہ حتمی شکل اختیار کر لیں گی تو موجودہ ثالثوں کے ذریعے ہمیں بیٹھ کر انہیں یکجا کرنا ہو گا۔

ایرانی صدر نے علاقائی امور اور اقوامِ متحدہ میں روس کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماسکو نے یک طرفہ اقدامات کے رجحان کا مقابلہ کرنے میں مدد دی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان بڑھتا ہوا رابطہ اور ہم آہنگی تیز رفتاری اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گی، موجودہ حالات دونوں ممالک کے لیے تعاون مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

پزشکیان نے کہا کہ ایران جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ ایرانی عوام کے حقوق کا احترام بین الاقوامی قانون کے تحت کیا جائے۔

ایرانی صدر  نے روسی ہم منصب سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ایران اور امریکا نے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے مقصد سے نئی تجاویز کا تبادلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دولتِ مشترکہ کی آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کے سربراہی اجلاس اور بحیرۂ کیسپیئن سے متعلق ماحولیاتی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینے اور ان کی تکمیل کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے قومی مفادات اور علاقائی استحکام کے تقاضوں کے مطابق جامع تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید