وزیراعظم شہباز شریف سے ذیابیطس کے علاج کے بین الاقوامی اور قومی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں ملک میں ذیابیطس کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرض کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ متوازن غذا اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق عوامی آگاہی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے۔
شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو تحقیق، آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
طبی ماہرین کا وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہے۔
وفد کے شرکاء نے پاکستان میں ذیابیطس کی روک تھام اور اس حوالے سے آگاہی مہم میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔