• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس و یوکرین میں توانائی تنصیبات پر حملے روکنے پر اتفاق ہو گیا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان توانائی تنصیبات پر حملے روکنے کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا تاہم یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے اس معاہدے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر بیان میں دونوں ممالک سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کی ہے تاہم اس کی مدت اور نفاذ کے طریقۂ کار کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

خبر رساں ادارے ایکسیوس سے گفتگو کرتے ہوئے ولادومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر روس توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے پر رضامند ہوتا ہے تو یوکرین بھی اس کے لیے تیار ہے۔

اسکرین گریب بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
اسکرین گریب بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے اس معاملے پر اتفاق کیا ہے تو جنگ بندی کے آغاز کا وقت بتایا جائے، یوکرین اسے قبول کرے گا۔

زیلنسکی نے کہا کہ میں نے کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی، نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے اور فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بھی اس معاملے پر بات کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کشیدگی میں کمی، انسانی جانوں کے تحفظ اور جنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امریکی حکام سے جنگ بندی کی تفصیلات ملنے کا انتظار کر رہا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور روسی حکومت کی جانب سے فوری طور پر صدر ٹرمپ کے اعلان کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے جبکہ برطانیہ اور کینیڈا نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید