• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی شہری کا چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے پارکنگ کا جرمانہ منسوخ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

برطانیہ کے علاقے ایسیکس سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے پارکنگ کے جرمانے پر تقریباً 3 سال تک جاری رہنے والی قانونی جنگ جیت لی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رفال گورفال کو اگست 2023ء میں پارکنگ فیس بر وقت ادا نہ کرنے پر 100 پاؤنڈ کا جرمانہ کیا گیا تھا اور طویل تنازع کے دوران یہ رقم بڑھ کر تقریباً 300 پاؤنڈ ہو گئی، تاہم ستمبر 2026ء میں کیس ختم ہونے پر انہیں یہ رقم ادا نہیں کرنا پڑی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رفال گورفال پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے بعد پارکنگ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے مشین کے سامنے قطار میں کھڑے ہوئے لیکن جب ان کی باری آئی تو معلوم ہوا کہ مشین صرف نقد رقم قبول کرتی ہے اور کارڈ سے ادائیگی ممکن نہیں۔

بعد ازاں انہوں نے موبائل فون پر رنگ گو ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے ادائیگی کی لیکن موبائل سگنل کمزور ہونے اور اکاؤنٹ بنانے میں وقت لگنے کے باعث ادائیگی میں تاخیر ہو گئی، جس کی وجہ سے تقریباً 2 ہفتے بعد انہیں 100 پاؤنڈ کا جرمانہ موصول ہوا۔

رپورٹ کے مطابق رفال گورفال نے جرمانے کو چیلنج کیا لیکن معاملہ حل ہونے کے بجائے مزید الجھتا گیا، جنوری 2024ء میں جرمانے کی رقم بڑھ کر 170 پاؤنڈ ہو گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب رفال گورفال کو اطلاع ملی کہ اکتوبر 2026ء میں ان کے خلاف عدالتی کارروائی شروع ہونے والی ہے تو انہوں نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق رفال گورفال نے کیس سے متعلق خطوط، ای میلز اور دیگر دستاویزات چیٹ بوٹ کو فراہم کیں اور اس سے رہنمائی حاصل کی کہ عدالت میں اپنا مؤقف کیسے پیش کیا جائے؟

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رفال گورفال نے کیس کے حوالے سے موصول ہونے والے تمام تر نوٹسز کے جواب چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے دیے اور پھر 25 ستمبر 2026ء کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں آگاہ کیا گیا تھا کہ کیس واپس لے لیا گیا ہے اور جرمانہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یوں اکتوبر میں متوقع عدالتی کارروائی سے پہلے ہی ان کا تنازع ختم ہو گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید