فائر فائٹر نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے سابقہ گرل فرینڈ سے 40 ہزار پاؤنڈ نکلوا لیے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک فائر فائٹر نے قانونی ماہرین کی بھاری فیس سے بچنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لی اور عدالت میں خود اپنا مقدمہ لڑ کر سابق گرل فرینڈ سے 40 ہزار پاؤنڈ واپس حاصل کر لیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کریگ ٹچنر نے 2022ء میں اپنی گرل فرینڈ کو یہ رقم سرمایہ کاری کے لیے دی تھی، دونوں کے درمیان رقم کو پریمیئم بانڈز میں لگانے اور منافع تقسیم کرنے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم رشتہ ختم ہونے کے بعد رقم کی واپسی پر تنازع پیدا ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق قانونی ماہرین سے رجوع کرنے پر فیس زیادہ ہونے کے باعث کریگ ٹچنر نے چیٹ جی پی ٹی سے رہنمائی حاصل کی۔
کریگ ٹچنر نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی نے مجھے ضروری فارم مکمل کرنے اور عدالت میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کے مراحل سمجھنے میں مدد دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اگر چیٹ جی پی ٹی سے مدد نہ ملتی تو شاید میں یہ مقدمہ جیت نہ پاتا، تاہم قانونی فیصلہ عدالت نے پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر کیا۔
مذکورہ شخص کی سابقہ گرل فرینڈ کا مؤقف تھا کہ یہ رقم اسے تحفے میں دی گئی تھی لیکن وہ عدالت میں اپنے اس دعوے کو ثابت نہ کر سکی اور بینک اسٹیٹمنٹس بھی پیش نہیں کیے، اس لیے عدالت نے تمام شواہد کی بنیاد پر کریگ ٹچنر کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔