پشاور کی دیر کالونی واقعے میں بچوں کی زیادہ تر اموات سر پر شدید چوٹیں لگنے سے ہوئیں۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ سینے اور پیٹ پر لگنے والی شدید چوٹیں بھی اموات کا باعث بنیں۔ ملبے تلے دبنے کے باعث بچوں کے سر، سینے اور پیٹ پر شدید چوٹیں آئیں۔
حکام کے مطابق دیر کالونی اسکول واقعہ میں 35 افراد جاں بحق ہوئے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 33 اور نصیراللّٰہ بابر میموریل اسپتال میں 2 جاں بحق بچے لائے گئے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 31 بچے، 3 بچیاں اور ایک خاتون ٹیچر شامل ہے۔
حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر 53 زخمیوں کو اسپتالوں میں لایا گیا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 20 اور نصیر اللّٰہ اسپتال میں 33 زخمی بچے لائے گئے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ 50 زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیا گیا۔ 3 زخمی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔