بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری زندگی پر کبھی بائیوپک نہیں بنائی جائے گی اور میری زندگی کی کہانی میرے ساتھ ہی قبر میں جائے گی۔
کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی ود کرن 9‘ کی پہلی قسط میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے اپنی نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔
پروگرام میں اداکارہ کرشمہ کپور بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے سلمان خان سے سوال کیا کہ اگر آپ زندگی پر فلم بنائی جائے تو اس کی ہدایت کاری کے لیے کس فلم ساز کا انتخاب کریں گے۔
کرشمہ کپور نے اس سوال کے جواب کے آپشن کے لیے کبیر خان، ڈیوڈ دھون، سورج بھرجاتیا اور سنجے لیلا بھنسالی کے نام پیش کیے۔
سلمان خان نے کہا ہے کہ اگر میری زندگی پر مزاحیہ فلم بنائی جائے تو ڈیوڈ دھون، روایتی المیہ محبت کی کہانی کے لیے سنجے لیلا بھنسالی، جبکہ محبت کی خوبصورت کہانیوں کے لیے سورج بھرجاتیا موزوں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میری زندگی کے واقعات پر ایکشن سے بھرپور محبت کی کہانی بنائی جائے تو کبیر خان کا انتخاب کیا جا سکتا ہے تاہم میری زندگی پر بائیوپک کبھی نہیں بنے گی۔
پروگرام کے دوران سلمان خان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ آپ اپنی آخری فلم میں کس اداکارہ کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے؟ اس پر انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال میرا فلموں سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔
بائیو پک نہ بنانے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکار کا کہنا ہے کہ میں اپنی ذاتی زندگی اور تعلقات کو عوامی گفتگو کا موضوع نہیں بنانا چاہتا، کیونکہ یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کوئی شخص مستقبل میں زندگی کا مستقل حصہ بنے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ’ماترو بھومی‘ رواں سال کے آخر میں ریلیز ہونے والی ہے، جبکہ وہ نین تارا کے ساتھ ہدایت کار وامشی پیڈی پلی کی فلم ’ایس وی سی 63‘ میں بھی نظر آئیں گے۔