امریکی ریاست ایریزونا کی یونیورسٹی سے وابستہ بھارتی نژاد امریکی محقق رچنا شیروف 47 سال کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رچنا شیروف معدے کی آنکولوجسٹ تھیں، وہ لبلبے اور آنتوں کے کینسر (biliary tract) کی نامور ماہر تھیں جن کی موت ایڈینوکارسینوما (adenocarcinoma) نامی کینسر کے سبب ہوئی۔
رچنا میں سرطان کی تشخیص اس وقت ہوئی جب وہ کینسر کے آخری مرحلے سے گزر رہی تھیں۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق ڈاکٹر رچنا شیروف کو رواں سال لمف نوڈ میں سوجن محسوس ہوئی، ابتداء میں مرض کو لمفوما سمجھا گیا لیکن مزید معائنے سے غدود سے جنم لینے والے شدید سرطان ایڈینوکارسینوما کی تشخیص ہوئی۔
ڈاکٹر رچنا شروف یونیورسٹی آف ایریزونا میں شعبۂ خون اور سرطان کی سربراہ، کینسر سینٹر میں طبی تحقیقات کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور پروفیسر تھیں۔
انہیں نظامِ ہاضمہ کے سرطان کے شعبے میں اعزازی پروفیسر کا منصب بھی حاصل تھا۔
رپورٹس کے مطابق رچنا شیروف نے اپنے کیریئر میں 80 سے زائد تحقیقی مقالے لکھے اور سرطان کے جدید علاج کے لیے متعدد طبی تحقیقات کی قیادت کی۔