• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی احتجاج: سی جے پی کے بانی رہنما ابھیجیت دیپکے گرفتار، طلبہ رہنما نیہا بورا رہا

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی پولیس نے احتجاجی مارچ سے قبل کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو امن و امان کی ممکنہ خلاف ورزی کے پیش نظر حفاظتی حراست میں لے لیا جبکہ آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی سربراہ نیہا بورا کو آج صبح رہا کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابھیجیت دیپکے کے خلاف بھارتی شہری تحفظ قانون کی دفعات کے تحت کارروائی کی، انہیں بعد ازاں خصوصی انتظامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

کاکروچ جنتا پارٹی کی قانونی امور کی سربراہ رتنا سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ابھیجیت دیپکے کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے اور وکلا کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

دوسری جانب اے آئی ایس اے کی سربراہ نیہا بورا کو رہا کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد نیہا بورا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس مظاہرین کو بغیر کسی جائز وجہ کے حراست میں لے کر کئی گھنٹے تھانوں میں رکھتی ہے جس کا مقصد عام شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔

نیہا بورا نے ابھیجیت دیپکے سمیت تمام زیرِ حراست مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری صرف جواب دہی اور ووٹ کے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو دہلی کے کناٹ پلیس میں ’لہرا دو ترنگا‘ احتجاجی مارچ سے قبل پولیس نے دونوں رہنماؤں کو حراست میں لیا تھا، اس کے بعد دونوں تنظیموں نے اپنے رہنماؤں تک رسائی نہ ہونے اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر تشویش ظاہر کی تھی۔

کاکروچ جنتا پارٹی، حزب ِاختلاف کی جماعتیں، طلبہ تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے گروہ بھارت کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ 

مظاہرین کا الزام ہے کہ انتخابی فہرستوں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کی خصوصی جانچ کے عمل میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید